تازہ ترین

بگنوتر میں نوجوان ارمان علی کے قتل کا معمہ حل، مرکزی ملزم گرفتار

ڈی پی او ایبٹ آباد ہارون رشید خان کی زیرِ قیادت ایبٹ آباد پولیس کی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری

تھانہ بگنوتر کی حدود میں نوجوان ارمان علی کے اندھے قتل کا معمہ پولیس نے پیشہ ورانہ تفتیش اور شواہد کی بنیاد پر حل کرتے ہوئے مرکزی ملزم اوضیف کو گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق 15 جون 2026 کو ارمان علی مویشی چرانے کے لیے جنگل گیا تھا، جہاں اسے اسلحہ سے فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا۔ واقعہ کے بعد تھانہ بگنوتر پولیس نے مقدمہ درج کرکے مختلف پہلوؤں سے تفتیش کا آغاز کیا۔

پولیس ٹیم نے جدید تفتیشی طریقہ کار، دستیاب شواہد اور مسلسل تحقیقات کی مدد سے قتل میں ملوث ملزمان کا سراغ لگایا، جس کے نتیجے میں ملزم اوضیف ولد ہمایون کو گرفتار کیا گیا، جبکہ مقدمہ میں نامزد ہمایون ولد عبدالرحمن اور فیصل ولد ولیستان نے عدالت سے ضمانت قبل از گرفتاری حاصل کر رکھی ہے۔

دورانِ تفتیش یہ بات سامنے آئی کہ گھریلو تنازعہ ہی نوجوان ارمان علی کے قتل کی بنیادی وجہ بنا۔ پولیس کی جانب سے گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ مقدمہ میں شامل دیگر ملزمان کے کردار کا بھی قانون کے مطابق تعین کیا جا رہا ہے۔

ڈی پی او ایبٹ آباد ہارون رشید خان نے قتل کے مقدمہ کو پیشہ ورانہ انداز میں ٹریس کرنے پر متعلقہ پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ایبٹ آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے، سنگین جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *